لیہ میں ٹریکٹر ٹرالی ٹرک کیساتھ ٹکرا کر الٹ گئی،ٹرالی کے اوپر بیٹھے تین بھائیوں سمیت4 افراد دب کر جاں بحق ہو گئے
ملتان میں ویگن، کار اور موٹرسائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 6افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ،8 زخمی ہوگئے
ملتان، لیہ(آئی این پی )پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران 10 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔تفصیل کے مطابق لیہ کوٹ ادو روڈ پر ٹریفک حادثے میں 3 سگے بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کوٹ ادو روڈ پر عزیز فارم کے قریب کنکریٹ سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی ٹرک کے ساتھ ٹکرا کر الٹ گئی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے اس کے اوپر بیٹھے 4 افراد دب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک کو بچا لیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 3 سگے بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے، تمام افراد کا تعقل چوک سرور شہید کے نواحی علاقے سے ہے۔ دوسری جانب ملتان میں حسن سوالی چوک پر ویگن، کار اور موٹرسائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 8 زخمی ہوگئے ۔حکام کا کہنا ہے نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔