موٹروے پیدل کراس کرتے ہوئے جاوید اوراہلیہ بشریٰ گاڑی کی ٹکرسے زخمی ،ہسپتال میں دم توڑ گئے
فیض پور انٹر چینج کے قریب تیز رفتار کار کی ٹرالی کو ٹکر سے 26ساہ سلیم اور28سالہ اسماعیل جاں بحق ہوگئے
لاہور (آئی این پی )پنجاب میں مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت 5 افراد جاںبحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے ۔پولیس حکام کے مطابق پہلا حادثہ موٹر وے ایم تھری سمندری پر پیش آیا جہاں موٹر وے پیدل کراس کرتے میاں بیوی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے۔حکام کا کہنا ہے کہ جاوید موقع پر اور بشریٰ ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی، میاں بیوی چک نمبر440گ ب کے رہائشی تھے دونوں موٹر وے کراس کر کے ڈیرہ پر جا رہے تھے، نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب فیروز والا میں فیض پور انٹر چینج کے قریب تیز رفتار کار کی ٹرالی کو ٹکر سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 26 سالہ سلیم اور 28 سالہ اسماعیل کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں جاں بحق افراد کی نعشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پیرمحل میں سندھیلیانوالی روڈ پر تیز رفتار کار رکشا سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں کار سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق کی شناخت بلال جبکہ زخمیوں میں اسامہ، مجید، طلحہٰ شامل ہیں، شدید زخمی ہونے والے اسامہ قمر کو تشویشناک حالت کے باعث لاہور ریفر کر دیا گیا ہے، جاں بحق اور زخمی آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں۔