لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور انویسٹیگیشن پولیس میں بروقت انصاف کی فراہمی جاری ہے۔ ایس ایس پی انویسٹیگیشن محمد نوید کی زیر صدارت انویسٹیگیشن ہیڈ کوارٹرز میں تبدیلی تفتیش فرسٹ بورڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام ڈویڑنل ایس پیز نے شرکت کی۔ ترجمان پولیس کے مطابق قتل، اقدام قتل، اغواء ، امانت میں خیانت، چیک ڈس آنر، دھوکہ دہی اور چوری کے 37 مقدمات زیر بحث آئے۔ افسران نے دونوں فریقین کو سننے کے بعد مقدمات کی تفتیش تبدیلی کے احکامات جاری کیے۔ متعدد افسران کو اختیارات سے تجاوز اور میرٹ پر تفتیش نہ کرنے پر سرزنش اور شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ ایس ایس پی محمد نوید نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جا رہا ہے، خواتین اور بچوں سے متعلقہ مقدمات برق رفتاری سے نمٹائے جا رہے ہیں جبکہ میرٹ پر فوری انصاف ہمیشہ مقدم رکھا جائے گا۔ شہریوں کی داد رسی کے لیے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں