وزیراعظم شہباز شریف تین ملکی دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ سعودی عرب، برطانیہ اور امریکا میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم اسلام آباد سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوئے، جہاں وہ سعودی فرمانروا اور ولی عہد محمد بن سلمان سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ یہ دورہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کی ولی عہد سے ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان منفرد شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا اور عوامی مفاد میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔شیڈول کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی عرب سے برطانیہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ دو روز قیام کریں گے۔ برطانیہ کے بعد وہ امریکا کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔