وزیرِ اعظم شہباز شریف اہم دورے پر سعودی عرب روانہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف اہم دورے پر سعودی عرب روانہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

 وزیرِ اعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔وزیرِ اعظم کے ہمراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوگی، جس میں پاک سعودی دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون، سرمایہ کاری، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، دفاع اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی بات چیت جاری ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم کے دورۂ سعودی عرب کے باعث وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کا اجلاس وزیرِ اعظم کی مصروفیات کے باعث مؤخر کیا گیا، جس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان خلیجی ممالک کے ساتھ معاشی روابط اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔