دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال: سندھ کے دیہات زیرِ آب، کسانوں کو لاکھوں روپے کا نقصان

دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال: سندھ کے دیہات زیرِ آب، کسانوں کو لاکھوں روپے کا نقصان

سندھ میں دریائے سندھ کے درمیانے درجے کے سیلاب نے مختلف علاقوں میں شدید تباہی مچائی ہے۔

 کندیارو اور منجھوٹ میں متعدد زمینداری بند ٹوٹ گئے، جس کے نتیجے میں تیز بہاؤ کے ساتھ پانی قریبی دیہات اور زرعی زمینوں میں داخل ہو گیا۔گاؤں غلام نبی بروہی میں کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، جس کی وجہ سے علاقہ بیرونی دنیا سے کٹ گیا اور سڑکوں کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ متعدد دیہاتوں کے مکین نقل مکانی پر مجبور ہیں جبکہ کئی لوگ تاحال اپنے گھروں میں محصور ہیں۔ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث رہائشیوں کا سامان بھی زیرِ آب آ گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ ابھی تک محصور افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ادھر اوباڑو میں شدید بارشوں نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے، جہاں تیار کپاس کی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، جس سے کسان برادری لاکھوں روپے کے نقصان کا شکار ہے۔ متاثرین نے حکومت سے فوری مداخلت اور امداد کی اپیل کی ہے۔

دریائے ستلج میں پانی کی سطح کم ہونے کے باوجود عارفوالا اور قبولہ کے متاثرین کی مشکلات میں کمی نہیں آئی۔ پاکستان کسان اتحاد کے صوبائی صدر کے مطابق، فصلوں کی تباہی کے بعد کسان شدید مالی مشکلات میں مبتلا ہیں اور ان کی جمع پونجی سیلاب میں بہہ گئی ہے۔کسان رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر فوری مالی امداد فراہم کی جائے اور گھریلو صارفین کے زرعی ٹیوب ویل کے بل بھی معاف کیے جائیں۔