دریائے سندھ کا بڑا سیلابی ریلا ڈی جی خان میں داخل، فصلوں کو شدید نقصان

دریائے سندھ کا بڑا سیلابی ریلا ڈی جی خان میں داخل، فصلوں کو شدید نقصان

ویب ڈیسک: دریائے سندھ میں آنے والا بڑا سیلابی ریلا تونسہ سے گزر کر ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) کی حدود میں داخل ہوگیا ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا۔

سیلابی صورتحال کے باعث نشیبی علاقوں میں رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ریسکیو ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔جھنگ میں دریائے چناب میں طغیانی کے سبب دس سے زائد دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ پانی کے بہاؤ سے وسیع رقبے پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ کئی آبادیوں اور رابطہ سڑکیں زیر آب آنے سے آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔راجن پور میں بھی سیلابی پانی سے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ کاشتکاروں کو اپنی فصلیں محفوظ کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دریائے چناب کے اطراف حافظ آباد میں کٹاؤ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد دیہات کی سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی دریا برد ہو چکی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے اور لوگوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔