گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے علاقے تلی داس (گوپس) میں گلیشیئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد دیہات زیر آب آگئے۔
حکومتِ گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللّٰہ فراق کے مطابق گلیشیئر کے پھٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ تھا، تاہم فوری اقدامات کے باعث بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ اب تک 50 سے زائد افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گلیشیئر پھٹنے کے بعد پانی کا بہاؤ رک گیا ہے اور یہ پانی ایک جھیل کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس کے باعث ملحقہ دیہات کے زیرِ آب آنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
فیض اللّٰہ فراق نے مزید کہا کہ علاقے میں شدید مالی نقصان تو ہوا ہے تاہم بڑے پیمانے پر جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خود صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور مقامی انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں اور مقامی رضاکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔