ایشیا کپ: پاکستان کرکٹ بورڈ نے "ہینڈ شیک تنازع" پر میچ ریفری کی تبدیلی کا مطالبہ دہرایا

ایشیا کپ: پاکستان کرکٹ بورڈ نے

ایشیا کپ میں "ہینڈ شیک تنازع" کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ کر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔

 پی سی بی نے خط میں سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے آئی سی سی کے اس فیصلے کو مسترد کیا ہے جس میں میچ ریفری کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ پی سی بی نے واضح کیا کہ اگر اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے باقی میچز کا بائیکاٹ کر سکتا ہے۔پی سی بی کے مطابق اینڈی پائیکرافٹ کی نگرانی میں میچ نہیں کھیلا جائے گا۔ انہوں نے آئی سی سی کی انکوائری کو رسمی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور نہ ہی متعلقہ افراد سے رابطہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے واضح کیا ہے کہ تمام تحفظات دور ہونے کے بعد ہی میچ کھیلا جائے گا، اور فی الحال آئی سی سی کے پاس اینڈی پائیکرافٹ کو پاکستانی میچز سے ہٹانے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔ادھر بھارتی میڈیا بھی دعویٰ کر چکا ہے کہ پاکستان کے میچز سے اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔