آئی سی سی نے پاکستان کی درخواست رد کردی، میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ برقرار: بھارتی میڈیا

آئی سی سی نے پاکستان کی درخواست رد کردی، میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ برقرار: بھارتی میڈیا

ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاک بھارت میچ کے ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

آئی سی سی نے گزشتہ رات پی سی بی کو آگاہ کیا کہ میچ ریفری کو ہٹانے کی کوئی ضرورت نہیں، اور پاکستان کا مؤقف قبول نہیں کیا گیا۔ پی سی بی نے مؤقف اپنایا تھا کہ پائی کرافٹ نے بھارتی ٹیم کے دباؤ پر متنازعہ فیصلہ کیا۔ تاہم آئی سی سی نے یہ مؤقف تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔بھارتی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی کے مطابق گراؤنڈ میں موجود ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے نمائندے نے پائی کرافٹ کو ہینڈ شیک نہ کرنے کے حوالے سے ہدایت دی تھی، نہ کہ بھارتی ٹیم کی جانب سے۔

یاد رہے کہ 15 ستمبر کو کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں ہینڈ شیک کے تنازعے نے شدت اختیار کرلی تھی۔ پاکستان نے اس معاملے پر آئی سی سی سے باضابطہ شکایت درج کرواتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ اگر ریفری کو ایشیاء کپ سے نہ ہٹایا گیا تو ٹیم مزید میچز کھیلنے سے انکار کر دے گی۔اس تازہ پیشرفت کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اینڈی پائی کرافٹ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔