ویب ڈیسک:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں شہید ہونے والے 12 جوانوں کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی کے لیے ہیں اور ان کی بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، بنوں میں خوارجی دہشتگردوں نے مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، تاہم، حملے کے دوران سکیورٹی فورسز کے 12 اہلکار شہید ہوگئے۔ ان شہداء میں 10 اہلکار سیکیورٹی فورسز کے تھے، جبکہ 2 فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان بہادر جوانوں نے اپنے خون سے وطن کی حفاظت کی اور دہشتگردوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی عظیم قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم اپنے شہداء کی مقروض ہے اور ان کی قربانیاں پاکستان کے امن و استحکام کے لیے بہت بڑی اہمیت رکھتی ہیں۔ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی جرات و حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔یہ حملہ دہشتگردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی ایک اور کوشش تھی، جس میں سکیورٹی فورسز نے اپنی جانیں قربان کرکے انہیں ناکام بنا دیا۔