خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور شیرانی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد حملے ناکام بنا دیے، جس میں تین دہشت گرد ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق بنوں میں دہشت گردوں نے پہلے میریان تھانے اور پھر مزنگ چوکی پر حملے کیے، تاہم پولیس نے حکمت عملی اور دلیری سے دونوں حملے پسپا کر دیے۔ریجنل پولیس افسر سجاد خان کے مطابق میریان تھانے پر حملہ صرف 20 منٹ میں ناکام بنا دیا گیا، جبکہ مزنگ چوکی پر درجنوں دہشت گرد ایک گھنٹے تک بھاری ہتھیاروں سے حملہ جاری رکھے۔ حملے میں تین پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے اور زخمی دہشت گردوں کو ان کے ساتھی لے کر فرار ہوگئے۔مزنگہ پولیس چوکی پر تقریباً دو سو دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کیا۔ ڈی پی او سلیم عباس کلاچی کے مطابق دہشت گردوں نے چوکی کی دیوار کے ساتھ دھماکا خیز مواد بھی نصب کیا، جس سے دیوار کو نقصان پہنچا، لیکن پولیس نے حملہ آوروں کو پسپا کر دیا۔کرک کے گرگری تھانے پر بھی حملہ کیا گیا، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو تھانے کے قریب جانے سے روک دیا۔
بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھی گزشتہ شب دہشت گردوں نے پولیس لائنز اور لیویز تھانے پر حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں لیویز کے تین اہلکار اور ایک کانسٹیبل شہید ہوگئے، جبکہ چھ اہلکار شدید زخمی ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر حضرت ولی کاکڑ کے مطابق حملے کے بعد کمیونیکیشن سسٹم مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور ایک لیویز اہلکار اعظم خان تاحال لاپتہ ہے۔ فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور زخمیوں کو ژوب کے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔