بلوچستان میں موسلا دھار بارش، جانی و مالی نقصان، فصلیں بھی شدید متاثر

بلوچستان میں موسلا دھار بارش، جانی و مالی نقصان، فصلیں بھی شدید متاثر

کوئٹہ: بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث صوبے کے بیشتر علاقے جل تھل ہو گئے ہیں اور مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع کیچ میں دو افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ کوہلو اور ہرنائی میں چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک بچی سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ خاران، تربت، کیچ، نوشکی اور پنجگور سمیت دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی آئی جس سے کچے مکانات اور شاہراہوں کو نقصان پہنچا۔کوئٹہ شہر میں بھی گزشتہ شب سے جاری بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام متاثر ہوا اور متعدد نالے بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر رکھا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔مستونگ کے مختلف علاقوں میں پکنک اور تفریحی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور شہریوں کو بارش کے دوران پہاڑی و خطرناک مقامات پر جانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں جزوی ابر آلودگی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان برقرار ہے۔ نوشکی، مستونگ، قلات، سوراب، کوئٹہ، چمن، ژوب، شیرانی اور بولان سمیت دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں پسنی میں 36 ملی میٹر، اورماڑہ میں 19 ملی میٹر، پشین میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ژوب اور کوئٹہ میں ہلکی بارش ہوئی۔ بارشوں کا سلسلہ 29 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔مزید برآں، کم سے کم درجہ حرارت بھی مختلف شہروں میں درج کیا گیا: کوئٹہ اور قلات 9°C، زیارت 6°C، ژوب 10°C، سبی 17°C، تربت اور نوکنڈی 20°C، گوادر 22°C، اور جیوانی 23°C۔شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔