تنظیماتِ اہلِ سنت نے آج کسی بھی پہیہ جام، شٹر ڈاؤن ہڑتال یا احتجاجی مظاہرے کی کال کی تردید کر دی ہے۔
ترجمان تنظیماتِ اہلِ سنت محمد اکرم رضوی نے وضاحت کی کہ آج صرف خطباتِ جمعہ کے دوران سانحہ مریدکے کے خلاف قراردادِ مذمت منظور کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ:"ہم پرامن لوگ ہیں، قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے۔ ہماری گزارش ہے کہ حکومت معاملات کو درست طریقے سے حل کرے، کیونکہ مذاکرات ہی ہر مسئلے کا حل ہیں۔"ترجمان نے مزید بتایا کہ حکومت سے مذاکرات کے بعد صوبے بھر میں سیل شدہ مساجد کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے، اور اب ان میں نماز پنجگانہ اور نماز جمعہ معمول کے مطابق ادا کی جا رہی ہے۔
ناموسِ رسالت محاذ کی بھی تردید
اسی طرح تحفظِ ناموسِ رسالت محاذ کے رہنما مولانا محمد علی نقشبندی نے بھی واضح کیا کہ تنظیم کی جانب سے کسی شٹر ڈاؤن یا پہیہ جام ہڑتال کی کوئی کال نہیں دی گئی۔ان کے مطابق:
"سانحہ مریدکے پر ہم نے صرف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا، کسی احتجاج یا ہڑتال کا اعلان نہیں کیا۔"