سینیٹ اجلاس میں تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اقوام متحدہ میں ناموس رسالت ﷺ کی آواز بلند کی، جس کے نتیجے میں آج اقوام متحدہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن مناتا ہے۔
انہوں نے اسے بانی پی ٹی آئی کی اہم سفارتی کامیابی قرار دیا۔فیصل جاوید نے یوم آزادی کے ایک سرکاری اشتہار پر بھی شدید تنقید کی، جس میں قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر شامل نہیں کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی کاوشوں سے پاکستان وجود میں آیا، مگر اشتہار میں ان کی بجائے پورے ٹبر کی تصاویر شامل کی گئیں، جو افسوسناک اور شرمناک عمل ہے۔انہوں نے ایوان میں قائداعظم کی تصویر لے کر آ کر احتجاج ریکارڈ کرایا اور چیئرمین سینیٹ سے مطالبہ کیا کہ حکومت سے وضاحت طلب کی جائے کہ اشتہار سے قائداعظم کی تصویر کیوں نکالی گئی۔ فیصل جاوید نے کہا کہ یہ اشتہار عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے بنایا گیا، اس لیے جواب دہی ضروری ہے۔