لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور جمیعت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ شاہ اویس نورانی کے مابین ملاقات ہوئی، جس میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور قومی اتحاد پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کسی بے گناہ کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے گی اور مدرسوں کو بند نہیں کیا جائے گا، جبکہ شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔محسن نقوی نے زور دیا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی قطعاً اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں شرپسندوں اور انتہا پسندوں کو جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدامنی، انتشار اور انتہا پسندی کے خلاف آہنی ہاتھ سے کارروائی کی جائے گی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں علمائے کرام کا کردار قابل قدر ہے۔
وزیر داخلہ نے پائیدار امن اور رواداری کے لئے تمام طبقات سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی، جبکہ علامہ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ ملک میں امن اور بھائی چارہ کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ یہ ملاقات ملک میں امن، برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔