وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے تشدد پر مبنی انتہا پسندی کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سماجی انصاف، معاشی شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی ہی ملک میں پائیدار امن قائم رکھنے کی بنیاد ہیں۔
شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ انتہاپسندی اور تشدد پر مبنی نظریات نہ صرف معاشروں کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ انسانی اقدار جیسے برداشت، رواداری اور باہمی احترام کو بھی کمزور کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور پُرتشدد انتہا پسندی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں، اور ہمارے سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیاں قومی عزم اور فخر کی روشن مثال ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ایک امن پسند دین ہے جو اعتدال، رواداری، مکالمہ اور انسانی جان کے احترام کی تعلیم دیتا ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو تعلیم اور مثبت سوچ فراہم کر کے انتہا پسندانہ نظریات سے محفوظ بنایا جائے تاکہ ملک میں امن اور ہم آہنگی قائم رہے۔