اسلاموفوبیا عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے: مریم نواز

اسلاموفوبیا عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کو درپیش امتیازی سلوک، نفرت اور تعصب قابل مذمت ہے۔

تفصیلات کے مطابق، مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد پیش کرکے اس مسئلے پر آواز اٹھائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام دینِ رحمت ہے جو امن، محبت، برداشت اور انسانی عظمت کا پیغام دیتا ہے۔ بدقسمتی سے، اسلام اور مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈا کا رحجان بڑھ رہا ہے، جو عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کی ہر کوشش کو سراہتے ہیں اور اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ نفرت انگیز رویوں کے خلاف مؤثر اور یقینی اقدامات کریں۔

 مریم نواز نے کشمیر، فلسطین اور دیگر مسلم اکثریتی علاقوں میں مسلمانوں کے حقوق کی حفاظت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پنجاب حکومت مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے احترام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی سطح پر اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے دنیا کو اسلام کے حقیقی تشخص سے روشناس کرانا ضروری ہے، اور ہر قسم کی منافرت کے خلاف آواز اٹھانا وقت کی ضرورت ہے۔ عالمی امن کے قیام کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔