عدم برداشت سماجی ہم آہنگی اور انسانی وقار کے لیے سنگین خطرہ ہے، بلاول بھٹو

عدم برداشت سماجی ہم آہنگی اور انسانی وقار کے لیے سنگین خطرہ ہے، بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عدم برداشت سماجی ہم آہنگی، امن اور انسانی وقار کے لیے سنگین خطرہ ہے، جبکہ سیاسی جبر اور جمہوری عمل میں رکاوٹیں معاشرے میں تشدد کو پنپنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ برداشت، رواداری اور ایک دوسرے کے نظریات کا احترام ایک پُرامن اور جمہوری معاشرے کی بنیادی اقدار ہیں۔ سیاسی اختلافات کو تشدد کے بجائے مکالمے اور جمہوری طریقوں سے حل کیا جانا چاہیے تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور برداشت کو فروغ دیا جاسکے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا برداشت، جمہوریت اور رواداری سے متعلق مؤقف آج بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق آمریت قانون کی حکمرانی کو کمزور کرتی ہے اور معاشرے میں طاقت اور اسلحے کی ثقافت کو فروغ دیتی ہے، جس کے منفی اثرات جمہوری اقدار اور سماجی استحکام پر مرتب ہوتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بامعنی سیاسی اور سماجی شرکت کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہیں۔ نوجوانوں کو فیصلہ سازی اور معاشرتی سرگرمیوں میں شامل کرکے برداشت، مکالمے اور جمہوری شعور کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا کے مختلف تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان خطوں میں انسانی تکالیف کا خاتمہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ عالمی سطح پر امن، انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔