محسن نقوی کی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، میر علی میں خوارج کی کارروائی ناکام

محسن نقوی کی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، میر علی میں خوارج کی کارروائی ناکام

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خوارج کے حملے کی ناکامی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

 انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور بہادرانہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، جس میں 4 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خوارجی دہشت گردوں کی کوشش تھی کہ وہ خودکش حملہ کر کے دہشت پھیلائیں، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ایک حملہ آور کی بارود سے بھری گاڑی کو ناکارہ بنا کر اس کے بعد دیگر تین حملہ آوروں کو کیمپ کے باہر ہی ہلاک کر دیا۔ ایک حملہ آور نے گاڑی کے ذریعے کیمپ کے دیوار سے ٹکر مارنے کی کوشش کی، جو دھماکے سے پھٹ گئی، اور اس کے بعد تین مزید خوارج کیمپ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے مارے گئے۔

محسن نقوی نے کہا کہ یہ کارروائی ثابت کرتی ہے کہ سیکیورٹی فورسز ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور قوم کو ان کی دلیرانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے ان سپوتوں پر ناز کرتی ہے جو ملک اور قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں۔