صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے دوران 13 خوارج دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اس کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے ملک سے فتنے الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورا ملک دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور فتنے الخوارج کے خلاف کارروائیاں تب تک جاری رہیں گی جب تک اس لعنت کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہمیشہ کے لیے خاک میں ملا دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر فخر ہے اور ملک سے دہشت گردی اور فتنے الخوارج کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔اس آپریشن میں جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا تھا۔ سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا تاکہ علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر صاف کیا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز کا عزم دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ جاری رکھنے کا ہے تاکہ ملک میں امن و سکون قائم ہو سکے۔