پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا حکومت نے محکموں کو 23 ارب 77 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کر دئیے۔محکمہ خزانہ کے مطابق فنڈز مالی سال 2025-26 کی دوسری سہ ماہی کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق سب سے زیادہ فنڈز تعلیم، صحت اور روڈ سیکٹرز کیلئے جاری کیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کیلئے 2 ارب 47 کروڑ 63 لاکھ روپے ،محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لئے 3 ارب 1 کروڑ 46 لاکھ روپے جبکہ محکمہ اعلی تعلیم کے لئے 64 کروڑ 85 لاکھ 94 ہزار روپے جاری ہوئے ہیں۔محکمہ خزانہ کی دستاویز کے مطابق زراعت کیلئے 80 کروڑ 86 لاکھ روپے اور محکمہ اوقاف کیلئے 20 کروڑ 33 لاکھ، بورڈ آف ریونیو کو ساڑھے 15کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔پینے کے صاف پانی و صفائی کیلئے 72 کروڑ 63 لاکھ روپے، محکمہ توانائی و بجلی کیلئے 46 کروڑ 83 لاکھ روپے، محکمہ خزانہ کیلئے 58 کروڑ 34 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔