آئی جی پنجاب عثمان انور نے ترقیاتی اسکیموں کی بھرپور تکمیل پر افسران کو شاباش دی، نئے منصوبوں کا اعلان
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں سالانہ بجٹ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب پولیس کی جانب سے مالی سال 2024-25 کے ترقیاتی بجٹ کے شاندار استعمال پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب پولیس نے رواں مالی سال میں ملنے والے 12 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا 99.5 فیصد استعمال کرتے ہوئے 146 ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کیا، جو تمام محکموں میں سب سے بہتر کارکردگی ہے۔ آئی جی پنجاب نے اس شاندار کامیابی پر تمام ریجنل اور ضلعی افسران کو شاباش دی۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جاری سکیموں کو فنڈز کے استعمال کی بنیاد پر دو حصوں میں تقسیم کیا گیا، جبکہ بجٹ کو تین درجوں میں تقسیم کر کے بہتر منصوبہ بندی سے اخراجات کیے گئے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس بھی حاصل کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 میں بیشتر ترقیاتی سکیمیں مکمل کر لی جائیں گی، اور اس بار پنجاب حکومت کی جانب سے پولیس کو 199 ارب روپے کا بجٹ دیا گیا ہے، جو گذشتہ سال کی نسبت 12 ارب روپے زیادہ ہے۔ سیف سٹیز اتھارٹی، سمارٹ پولیس سٹیشنز، سی ٹی ڈی، رائٹ مینجمنٹ پولیس، اور دیگر انیشیٹیوز کی بدولت گذشتہ سال 233 ارب روپے سے زائد اخراجات کیے گئے۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ محفوظ پنجاب ویژن کے تحت سیف سٹیز منصوبے کو 10 حصوں میں تحصیل کی سطح پر وسعت دی جا رہی ہے، اور اس دائرہ کار کو 7000 یونین کونسلز تک لے جایا جائے گا، جس کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں کا ایک مربوط اور انٹیگریٹڈ نیٹ ورک مکمل ہوگا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس عمران محمود، ڈی آئی جی لاجسٹکس شارق کمال صدیقی، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔