اسلام آباد: پی ٹی آئی کے 26 نومبر 2024 کے احتجاج کے دوران سری نگر ہائی وے پر رینجرز اہلکاروں کو گاڑی تلے کچلنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملزم ہاشمی عباسی کی بعد از گرفتاری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ گرفتاری کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس شاہ رخ ارجمند پر مشتمل بینچ نے پراسیکیوشن کی جانب سے دائر ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے ملزم کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے معاملہ دوبارہ ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا۔عدالت نے فریقین کو 25 نومبر کو ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ ٹرائل کورٹ ملزم کی ضمانت کی درخواست پر دوبارہ سماعت کرکے قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔
ضمانت تکنیکی بنیادوں پر منظور ہونے کا مؤقف
فیصلے کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد منظور احمد ججہ نے پراسیکیوشن کی جانب سے ضمانت منسوخی کے مقدمے کی پیروی کی۔ پراسیکیوٹر جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے ملزم کو تکنیکی بنیادوں پر ضمانت دی تھی۔دوسری جانب ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کی ضمانت ڈیڑھ سال قبل منظور ہوئی تھی اور ضمانت پر رہائی کے بعد وہ ہر سماعت پر ٹرائل کورٹ میں پیش ہوتے رہے ہیں۔عدالتی فیصلے میں اس امر کا بھی ذکر کیا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے ضمانت منظور کرتے وقت مزید انکوائری کی کوئی وجہ بیان نہیں کی تھی۔
ٹرائل کورٹ کو دوبارہ سماعت کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ملزم کی بعد از گرفتاری ضمانت منسوخی کی درخواست منظور کی جاتی ہے اور ضمانت منسوخ کی جاتی ہے۔ عدالت نے کیس دوبارہ ٹرائل کورٹ کو بھیجتے ہوئے فریقین کو 25 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی تاکہ ضمانت کے معاملے پر نئے سرے سے فیصلہ کیا جاسکے۔عدالت نے ملزم کو دوبارہ گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا۔ تاہم پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم پہلے ہی ایک دوسرے مقدمے میں پولیس کی حراست میں ہے۔
26 نومبر 2024 کو سری نگر ہائی وے پر واقعہ پیش آیا تھا
واضح رہے کہ یہ واقعہ 26 نومبر 2024 کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران اسلام آباد کی سری نگر ہائی وے پر پیش آیا تھا، جہاں گاڑی کی ٹکر سے رینجرز اہلکاروں کو کچلے جانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔