ابوظہبی: چین کی معروف گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی نے لگژری گاڑیوں کی دنیا میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپنی نئی الیکٹرک لیموزین متعارف کرادی ہے، جسے برطانوی لگژری کار ساز کمپنی رولز رائس کی مشہور گاڑی فینٹم کے مقابلے میں پیش کیا جا رہا ہے۔
بی وائی ڈی کے لگژری برانڈ یانگ وانگ کی اس نئی گاڑی کا نام ’’آلٹیئر‘‘ ہے، جسے ابوظہبی میں متعارف کرایا گیا۔ جدید ٹیکنالوجی، شاہانہ ڈیزائن، اعلیٰ معیار کے اندرونی مواد اور جدید سہولتوں سے آراستہ اس گاڑی کی ایک منفرد خصوصیت پانی میں تیرنے کی صلاحیت بھی ہے۔کمپنی کے مطابق آلٹیئر کی تیاری پر تقریباً تین سال کام کیا گیا۔ گاڑی کی لمبائی 5 ہزار 600 ملی میٹر جبکہ چوڑائی 2 ہزار 30 ملی میٹر ہے، جس کے باعث اسے ایک بڑی اور نمایاں لگژری لیموزین کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
قدیم چینی ثقافت سے متاثر منفرد ڈیزائن
آلٹیئر کے بیرونی ڈیزائن میں قدیم چینی ثقافت کے عناصر شامل کیے گئے ہیں۔ گاڑی کا اگلا حصہ قدیم چینی کانسی کے رسمی برتن ’’ڈنگ‘‘ سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس کی بڑی فرنٹ گرِل کو قیمتی زیورات جیسی خوبصورت شکل دی گئی ہے۔گاڑی میں روشنیوں کا ایک منفرد نظام بھی نصب ہے۔ مالک کے قریب آنے پر اس کے اگلے حصے میں موجود 12 لائٹس گھومتے ہوئے یکے بعد دیگرے روشن ہوتی ہیں، جو گاڑی کو ایک منفرد شاہانہ انداز فراہم کرتی ہیں۔اس کے دروازوں کا ڈیزائن بھی خصوصی توجہ کا مرکز ہے۔ پچھلے دروازے پیچھے کی جانب کھلتے ہیں اور 90 ڈگری تک کھولے جا سکتے ہیں، جبکہ اگلے دروازے 80 ڈگری تک کھلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دروازوں کے اندر خصوصی چھتریاں بھی رکھی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو بارش کے دوران سہولت میسر ہو۔
اندرونی حصے میں شاہانہ سہولتیں
آلٹیئر میں مجموعی طور پر چار نشستیں فراہم کی گئی ہیں، جن میں خاص طور پر پچھلی دو نشستوں کو انتہائی آرام دہ بنایا گیا ہے۔ ان نشستوں میں ہوائی جہاز کی بزنس کلاس جیسی سہولتیں موجود ہیں، جن میں ٹانگیں پھیلانے کے لیے اضافی جگہ، نشستوں کو پیچھے جھکانے اور مساج کی سہولت شامل ہے۔پچھلی نشستوں پر بیٹھنے والے مسافروں کے لیے ٹانگیں پھیلانے کی جگہ تقریباً 1209 ملی میٹر رکھی گئی ہے۔ ایک بٹن دبانے سے اگلی مسافر نشست آگے کی جانب منتقل ہو جاتی ہے، جس سے پچھلے مسافروں کو مزید گنجائش ملتی ہے۔گاڑی میں خصوصی ریلیکسیشن موڈ بھی دیا گیا ہے۔ اس موڈ کو فعال کرنے پر نشستیں خودکار طور پر پیچھے جھک جاتی ہیں، کھڑکیوں کے پردے بند ہو جاتے ہیں اور اندرونی روشنی کے ساتھ خوشبو کے ماحول کو بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
39 اسپیکرز، بڑی اسکرین اور دو فریج
تفریح اور جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی آلٹیئر میں کئی خصوصی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔ گاڑی میں 39 اسپیکرز پر مشتمل ڈائناڈیو پلاٹینم ایویڈنس ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے، جو مسافروں کو اعلیٰ معیار کا آڈیو تجربہ فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ چھت پر 21.4 انچ کی بڑی اسکرین موجود ہے، جس پر فلمیں دیکھی جا سکتی ہیں اور ویڈیو کانفرنس میں بھی شرکت کی جا سکتی ہے۔ مسافروں کی سہولت کے لیے گاڑی کے اگلے اور پچھلے حصے میں الگ الگ فریج بھی نصب کیے گئے ہیں۔
قیمتی جیڈ، چینی ریشم اور قدرتی لکڑی کا استعمال
گاڑی کے اندرونی حصے کی تیاری میں مہنگے اور اعلیٰ معیار کے مواد استعمال کیے گئے ہیں۔ ان میں اصلی پیلے رنگ کا ہی تیان جیڈ، چینی ریشم کی کڑھائی، اصلی دھات کے بٹن، چمڑا، قدرتی لکڑی اور خالص اون کے قالین شامل ہیں۔کمپنی کے انجینئرز نے گاڑی کے اندر نصب دھاتی بٹنوں کی تیاری پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔ ان بٹنوں کی آواز اور استعمال کے دوران محسوس ہونے والے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجربات کیے گئے تاکہ مسافروں کو ہر پہلو سے ایک منفرد تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
چار الیکٹرک موٹرز اور جدید کنٹرول سسٹم
آلٹیئر کی تکنیکی خصوصیات بھی اسے عام الیکٹرک گاڑیوں سے منفرد بناتی ہیں۔ اس میں چار الیکٹرک موٹرز نصب ہیں، جو ہر پہیے کو الگ الگ کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔کمپنی کے مطابق یہ جدید نظام ایک سیکنڈ میں 100 سے زائد مرتبہ ہر پہیے کو فراہم ہونے والی طاقت کو ایڈجسٹ کر سکتا ہے، جس کا مقصد مختلف حالات میں گاڑی کا توازن اور استحکام برقرار رکھنا ہے۔