واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ ایسی جنگ نہیں چاہتے جس کا کوئی اختتام نہ ہو۔
امریکی انتظامیہ اپنے طے شدہ مقاصد حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے، تاہم تنازع کو غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں۔برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق جے ڈی وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھیج دیا ہے، جس سے خطے میں امریکی فوجی موجودگی اور ایران کے ساتھ جاری کشیدگی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کے حوالے سے اپنے مقرر کردہ اہداف حاصل کرے گی، لیکن امریکا اس تنازع کو ایک طویل اور نہ ختم ہونے والی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا گزشتہ 47 برس سے ایران کے ساتھ مختلف نوعیت کے تنازعات اور معاملات میں ملوث رہا ہے، جبکہ حالیہ کشیدگی میں بھی واشنگٹن تقریباً سات ماہ سے کسی نہ کسی صورت میں شامل ہے۔ ان کے مطابق امریکی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ اپنے مقاصد حاصل کرتے ہوئے اس تنازع کو غیر ضروری طور پر طول نہ دیا جائے۔
ٹرمپ کے بیانات اور امریکی پالیسی پر سوالات
رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ کئی ماہ کے دوران ایران کے خلاف مزید حملوں کے اشارے دیتے رہے ہیں، تاہم دوسری جانب وہ یہ بھی دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ جنگ مؤثر طور پر ختم ہوچکی ہے۔جے ڈی وینس اس سے قبل بھی ایران کے ساتھ طویل جنگ میں شامل نہ ہونے سے متعلق اپنا مؤقف واضح کرچکے ہیں۔ مئی میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا اپنے مقاصد کے حصول کے لیے غیر معینہ مدت تک جنگ جاری رکھنے کا راستہ اختیار نہیں کرے گا۔ایک اور بریفنگ کے دوران امریکی نائب صدر نے کہا تھا کہ وہ موجودہ صورتحال کو جنگ قرار نہیں دیں گے اور نہ ہی اس کے خاتمے کے لیے کوئی مصنوعی مدت مقرر کرنا چاہتے ہیں۔
جنگ کی اصطلاح پر بھی اختلاف
جے ڈی وینس کا مؤقف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات سے مختلف دکھائی دیتا ہے، کیونکہ امریکی صدر خود ایران کے ساتھ جاری تنازع کے لیے لفظ ’’جنگ‘‘ استعمال کرتے رہے ہیں۔امریکی انتظامیہ کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایک طرف ایران کے حوالے سے اپنے مقاصد حاصل کرنے کا خواہاں ہے، جبکہ دوسری جانب طویل فوجی تنازع سے بچنے کی پالیسی بھی اختیار کرنا چاہتا ہے۔