واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فی الحال ایران کے ساتھ جنگ دوبارہ شروع کرنے کے خواہش مند نہیں، تاہم ان کی انتظامیہ تہران پر معاشی اور فوجی دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایک نامعلوم امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ وسط مدتی انتخابات کے بعد صدر ٹرمپ کو روزانہ کئی مرتبہ انٹیلی جنس بریفنگ دی جا رہی ہے، جن میں ایران سے متعلق تازہ صورت حال اور ممکنہ پیش رفت بھی شامل ہوتی ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اب یہ بات واضح ہوتی جا رہی ہے کہ صدر ٹرمپ فی الحال ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ شروع کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ واشنگٹن نے تہران کے حوالے سے اپنا دباؤ کم کر دیا ہے۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ نے ایران کے ساتھ جاری تنازع کے معاملے پر ایک درمیانی راستہ اختیار کر رکھا ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت نہ تو فی الحال نئی فوجی کارروائی شروع کی جا رہی ہے، نہ مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوا ہے اور نہ ہی کسی مستقل امن معاہدے کی جانب پیش رفت سامنے آئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع آٹھویں ماہ میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ امریکی حکومت تہران پر معاشی اور فوجی دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اس حکمت عملی کے ذریعے امریکا فی الحال جنگ میں دوبارہ داخل ہوئے بغیر ایران پر دباؤ جاری رکھنا چاہتا ہے۔امریکی میڈیا رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے جنگ دوبارہ شروع نہ کرنے سے متعلق مؤقف کی بنیاد ایک نامعلوم امریکی سرکاری عہدیدار کا بیان ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان یا تفصیلی وضاحت سامنے نہیں آئی۔