اسحاق ڈار کی لیاقت بلوچ سے گفتگو، مذاکرات کا آخری دور 10 نومبر کو ہوگا

اسحاق ڈار کی لیاقت بلوچ سے گفتگو، مذاکرات کا آخری دور 10 نومبر کو ہوگا

لاہور: ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان جاری مذاکرات اور عوامی ریلیف کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق اسحاق ڈار سے گفتگو میں مذاکراتی عمل کی پیش رفت اور پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی سب کمیٹی کا اجلاس ہوچکا ہے، جبکہ ٹیکنیکل کمیٹی بھی اپنا اجلاس مکمل کرچکی ہے۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ اب حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی میں کمی یا خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کا مرحلہ ہے۔

10 نومبر کو مذاکرات کا آخری دور ہوگا

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بتایا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی سب کمیٹی کے درمیان 10 نومبر کو مذاکرات کا آخری دور ہوگا۔ان کے مطابق یہ اجلاس ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی میں وزارت خارجہ کی عمارت میں منعقد کیا جائے گا، جس میں مذاکرات کے نتیجے اور عوامی ریلیف سے متعلق حکومتی اقدامات پر بات چیت ہوگی۔

احتجاج کے نتیجے میں عوامی ریلیف کے اہداف حاصل ہوئے، اسحاق ڈار

دوسری جانب ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج پُرامن اور جمہوری دائرے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کے نتیجے میں عوامی ریلیف کے حوالے سے متعدد اہداف حاصل کیے جاچکے ہیں، جبکہ پیٹرولیم لیوی کا معاملہ بھی حل کرنے کے لیے زیر غور ہے۔