فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 25 من مردہ مرغیاں بر آمد

مختلف ہوٹلوں کو مردہ مرغیوں کی سپلائی ناکام، ملزم گرفتار، مقدمہ درج 
 دیپالپور (خصوصی رپورٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 25 من سے زائد مردہ مرغیوں کی سپلائی ناکام بنا کر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق دیپالپور کے نواحی علاقے حویلی لکھا، چوک شہیداں والا میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں سے بھرا لوڈر رکشہ پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران 25 من سے زائد مردہ مرغیاں بر آمد کرکے موقع پر ہی تلف کردی گئیں۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق بر آمد ہونے والی مردہ مرغیاں مختلف ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کی جا رہی تھیں۔ پولیس نے لوڈر رکشہ قبضے میں لے کر ملزمان کو موقع سے گرفتار کرلیا اور ان کے خلاف تھانہ حویلی لکھا میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔