دریا ڈوبنے والے 17 سالہ نوجوان کی لاش بر آمد

تلونڈی (خصوصی رپورٹ) دریائے ستلج میں ڈوبنے والے 17 سالہ نوجوان کی لاش بر آمد کر لی گئی، جس کے باعث علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں مچھلیاں پکڑتے ہوئے ڈوبنے والے 17 سالہ نوجوان اویس کی لاش طویل ریسکیو آپریشن کے بعد بر آمد کر لی گئی۔ نواحی علاقے ولے والا گا ئوں کے قریب دریائے ستلج میں مچھلیاں پکڑتے ہوئے اویس گہرے پانی میں ڈوب گیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور نوجوان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے مسلسل کوششیں جاری رکھتے ہوئے غوطہ خوروں اور مقامی تیراکوں کی مدد سے دریائے ستلج میں سرچ آپریشن کیا، جس کے بعد نوجوان کی لاش بر آمد کر لی گئی۔ نوجوان کی لاش ملنے کی اطلاع پر اہلِ خانہ اور اہلِ علاقہ غم سے نڈھال ہو گئے، جبکہ علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔