محنت کشوں کیلئے جدید طبی مشینری خریداری کا عمل مکمل

سوشل سکیورٹی کے تحت محنت کشوں اور اہلخانہ کو بہتر علاج کی سہولیات ملیں گی 
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب سوشل سکیورٹی کے تحت صوبے بھر کے محنت کشوں اور انکے اہلخانہ کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک ارب دس کروڑ روپے سے جدید طبی مشینری کی خریداری کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا جبکہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں جدید طبی آلات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔جدید طبی آلات کی فراہمی سے پنجاب بھر کے محنت کشوں اور انکے اہلخانہ کا جدید مشینری کے ذریعے علاج ممکن ہو گا۔ ان آلات کو سرجری، آپریشن تھیٹرز، لیبارٹری، پیتھالوجی، ریڈیالوجی، دل، گائنی اور آنکھوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جائے گا۔خریدی گئی جدید طبی مشینری میں ہیمیٹولوجی اور کیمسٹری اینالائزرز، بائنوکیولر مائیکروسکوپس، مائیکروٹوم اور سینٹری فیوج شامل ہیں۔ کلر ڈوپلر، ایکو کارڈیوگرافی، ای ٹی ٹی اور ای سی جی مشینری بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ آنکھوں کے علاج کیلئے جدید فیکو مشین، آٹو لینسومیٹر اور سلٹ لیمپ جبکہ گائنی اور بچوں کی طبی سہولیات کیلئے سی ٹی جی اور بے بی وارمرز کی مشینیں بھی جدید طبی آلات کا حصہ ہیں۔جدید طبی آلات کی فراہمی سے محنت کشوں اور انکے اہلخانہ کو معیاری علاج کی بہتر سہولیات میسر آئینگی۔ پنجاب بھر میں قائم سوشل سکیورٹی ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کو مرحلہ وار جدید طبی آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔