تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذرالرحمان انتقال کر گئے

 شہباز شریف، محسن نقوی، فضل الرحمن، پرویز الٰہی ودیگر کااظہاررنج و غم
مولانا حسن محمود کے شاگردوں میں شامل تھے ،نمازِ جنازہ رائیونڈ میں ادا
لاہور، اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)امیر تبلیغی جماعت، استاذ الحدیث، استاذ العلما اور امام التصوف حضرت مولانا نذرالرحمن 97 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ نذرالرحمن کچھ عرصہ سے علیل تھے اور بیماری کے باعث اس مرتبہ سالانہ تبلیغی اجتماع میں بیان بھی نہیں کر سکے تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ تبلیغی مرکز رائیونڈ میں ادا کردی گئی۔ ان کے انتقال کی خبر سے دینی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی، ممتاز علما کرام مولانا طارق جمیل، مفتی تقی عثمانی،مولانا محمد الیاس گھمن، پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی سمیت ملک بھر سے سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مولانا نذرالرحمن 1929 میں راولپنڈی کے دورافتادہ گائوں بلوال میں پیدا ہوئے ، شیخ الہند مولانا حسن محمود دیوبندی کے شاگردوں میں شامل تھے اور قیامِ پاکستان کے بعد تبلیغی جماعت کی بنیاد رکھنے والے ابتدائی بیس افراد میں نمایاں حیثیت رکھتے تھے۔1981 میں ان کا تقرر رائے ونڈ تبلیغی مرکز میں ہوا، اور 2018 میں مولانا عبدالوہاب کے انتقال کے بعد انہیں تبلیغی جماعت کا امیر بنایا گیا تھا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ مولانا نذرالرحمن نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی سربلندی، تبلیغ و اشاعت اور انسانیت کی اصلاح و فلاح کیلئے وقف کیے رکھی، ان کی رحلت سے نہ صرف تبلیغی جماعت بلکہ پورے عالمِ اسلام میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے جو مدتوں پْر نہیں ہو سکے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم نے دینِ اسلام کی تبلیغ و اشاعت کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں، ان کی دینی خدمات اور جہدِ مسلسل کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پرویزالٰہی نیکہا مولانا کے انتقال سے دینی حلقوں میں جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پر نہیں کیا جاسکتا، 2018ء￿  سے تبلیغی جماعت کے امیر منتخب ہونے کے بعد سے لے کر آخری سانس تک انہوں نے دین کی بہت خدمت کی۔ مولانا فضل الرحمن نیکہا کہ مولانا نذر الرحمن کی وفات دینی، دعوتی اور اصلاحی حلقوں کیلئے بڑا نقصان ہے، ان کی دینی، علمی اور دعوتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔