ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر، جو سوشل میڈیا پر اپنی متحرک موجودگی اور منفرد انداز کی وجہ سے جانی جاتی ہیں، ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔
ہانیہ عامر نے نہ صرف پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں شاندار اداکاری سے اپنا مقام بنایا بلکہ فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان کی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہیں بھارتی پنجابی فلم "سردار جی تھری" میں بھی کاسٹ کیا گیا ہے۔تاہم، حال ہی میں اداکارہ کی ایک وائرل تصویر نے مداحوں کو افسردہ اور تشویش میں مبتلا کر دیا۔ اس تصویر میں ہانیہ عامر کو کسی اسپتال کے بستر پر دیکھا جا سکتا ہے، ان کے منہ پر آکسیجن ماسک لگا ہوا ہے۔ یہ تصویر اداکارہ نے خود اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر شیئر کی، جو سامنے آتے ہی مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کے درمیان فکر اور قیاس آرائیوں کا باعث بنی۔
کمنٹ سیکشن میں متعدد مداحوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں، جب کہ کچھ صارفین نے اس تصویر کو شیئر کرنے پر تنقید بھی کی۔ زیادہ تر صارفین یہ جاننے کے خواہش مند ہیں کہ اداکارہ کو کیا ہوا ہے، مگر تاحال ہانیہ عامر نے اپنی صحت یا اس تصویر کی تفصیلات پر کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔اداکارہ کی جانب سے خاموشی برقرار رکھنے کے باعث مداحوں کی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے اور سب ان کی خیریت جاننے کے منتظر ہیں۔