سندھ کی تقسیم کے خواب دیکھنے والے عوام سے کیے وعدوں کا حساب دیں، قادر مندوخیل

کراچی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قادر مندوخیل نے مصطفیٰ کمال کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کے خواب دیکھنے والوں کو پہلے کراچی کے عوام سے کیے گئے وعدوں کا حساب دینا چاہیے۔ پیپلز پارٹی کی عوامی طاقت پر سوال اٹھانے والوں کو چاہیے کہ وہ کسی سیاسی سہارے کے بغیر انتخابی میدان میں آئیں اور عوامی حمایت کا اندازہ لگا لیں۔اپنے بیان میں قادر مندوخیل نے کہا کہ جن لوگوں نے ماضی میں چائنا کٹنگ کے ذریعے شہر کا نقشہ بگاڑا، آج وہ ملک کے نئے نقشے اور صوبوں کے ٹھیکیدار بنے بیٹھے ہیں۔ بار بار سیاسی جماعتیں اور بیانیے تبدیل کرنے والے موسمی پرندے پیپلز پارٹی کو عوامی طاقت کا درس نہ دیں۔انہوں نے مصطفیٰ کمال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی وزارتِ صحت پر توجہ دیں، اسپتالوں میں ادویات دستیاب نہیں اور وہ صوبے تقسیم کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ جن کی اپنی سیاست مبینہ طور پر بیرونی سہاروں اور بند کمروں کے فیصلوں کی محتاج ہو، انہیں ووٹوں کے تناسب پر بات کرنا زیب نہیں دیتا۔ جن کا سیاسی وجود دوسروں کے سہاروں پر کھڑا ہو، انہیں پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک پر سوال اٹھانے سے پہلے اپنی سیاسی حیثیت کا جائزہ لینا چاہیے۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم پر تنقید دراصل اپنے سیاسی مفادات کے تحفظ اور ڈوبتی سیاست کو سہارا دینے کا ایک نیا بہانہ ہے۔ کسی ایک شخص یا سیاسی جماعت کی خواہش پر ملک کا آئین اور صوبوں کی جغرافیائی حدود تبدیل نہیں کی جا سکتیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط اور ملک کو متحد رکھنے کی سیاست کی ہے، جبکہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والے آج پیپلز پارٹی کو عوامی طاقت کا درس دے رہے ہیں۔قادر مندوخیل نے کہا کہ اگر مصطفیٰ کمال اور ان کے ساتھی پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت کا اندازہ لگانا چاہتے ہیں تو بغیر کسی سیاسی سہارے کے انتخابی میدان میں آئیں اور انتخابات میں اپنی عوامی حمایت ثابت کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی رائے کا احترام کرنے کے دعوے دار پہلے بلدیاتی اور عام انتخابات میں اپنی سیاسی کارکردگی اور عوامی حمایت کا جائزہ لیں۔ سندھ دھرتی کی تقسیم کی بات کرنے والوں کو تاریخ اور عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔قادر مندوخیل نے اپنے بیان میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے اتحاد، صوبائی خودمختاری اور وفاق کی مضبوطی کے لیے اپنا سیاسی کردار ادا کرتی رہے گی۔