پیپلزپارٹی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، حکومت سے زیادہ پی ٹی آئی کی لابنگ امریکا میں مضبوط ہے
کراچی (آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل نے کہا ہے کہ فیض حمید کے انکشافات کے بعد تمام راستے اڈیالہ جیل ہی جارہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں قادرمندوخیل نے کہا کہ کیا ماضی میں امریکا نے پاکستان پر دبائو نہیں ڈالا؟، کیا ماضی میں امریکا کے پاکستان سے متعلق بیانات نہیں آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ امریکا میں کیپیٹل ہل پر حملے میں ملوث ملزمان کو سزا 19سال ہوئی، پاکستان میں تو سزائیں 2،3یا 10سال ہوئی ہیں اور اگر یہ مقدمات ایٹی سی میں ہوتے تو 25 یا 50 سال کی سزا ہوتی، 2 سال کی سزا تو عام مقدمات میں ہوتی ہے، سپریم کورٹ سے پی ٹی آئی نے سٹے لیکر مقدمات کو تاخیر کا شکار کیا۔قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، حکومت سے زیادہ پی ٹی آئی کی لابنگ امریکا میں مضبوط ہے، پی ٹی آئی کروڑوں روپے امریکا کی لابنگ فرم کو دے رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خانم کہتی ہیں بانی ڈیل کے ذریعے رہا نہیں ہونا چاہتے تو پھر مذاکرات کیوں؟ ایسا نہیں ہوگا بانی پی ٹی آئی کو جیل کے دروازے کھول کر رہا کر دیا جائے۔