آرٹیکل 140-اے کی رٹ لگانے والے پہلے آئین کے دیگر آرٹیکلز کا بھی مطالعہ کریں
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل ایڈووکیٹ نے کھئیلداس کوہستانی کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پاکستان کی تشریح کوئی سیاسی چورن نہیں، کوہستانی صاحب اپنے منصب کی حدود پہچانیں۔ آرٹیکل 140-اے کی رٹ لگانے والے پہلے آئین کے دیگر آرٹیکلز کا بھی مطالعہ کریں۔اپنے ردعمل میں قادر خان مندوخیل نے کہا کہ جنہیں خود وفاقی بیساکھیوں کا سہارا ہو، وہ سندھ کے انتظامی ڈھانچے پر لیکچر نہ دیں۔ بلدیاتی نظام کا درس دینے والے پہلے یہ بتائیں کہ پنجاب میں گزشتہ چھ سال سے بلدیاتی نظام کیوں موجود نہیں؟ پنجاب کی وزیراعلیٰ بلدیاتی انتخابات کرائیں گی بھی تو غیر جماعتی بنیادوں پر، جبکہ بڑے شہروں کا نظام میئرز کے بغیر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم اور صوبائی وحدت کی آڑ میں وفاقی اکائیوں کو کمزور کرنے کی کسی سازش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ریفرنڈم کی باتیں کرنے والے دراصل آئینی بالادستی سے خوفزدہ ہیں۔ این ایف سی ایوارڈ صوبوں کا آئینی استحقاق ہے، کوئی خیرات نہیں۔قادر خان مندوخیل نے مزید کہا کہ قانونی موشگافیوں کے ذریعے سندھ کی تقسیم کا بیانیہ بنانے والے آئین 1973ء کے بنیادی ڈھانچے سے ناواقف ہیں۔ سندھ کے وسائل پر نظر رکھنے والوں کو عوامی عدالت اور ایوان دونوں جگہ آئینی جواب ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پیپلز پارٹی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے اور پارٹی اس کی سب سے بڑی علمبردار ہے