خواتین اور بچوں کیخلاف جرائم کے مقدمات میں فوری انصاف ملے گا؛ عظمیٰ بخاری

ملزموں کو بچ نکلنے کا موقع نہیں دیا جائے گا،  وزیراعلیٰ اس سلسلے میں چیف جسٹس سے بھی ملاقات کریں گی
پنجاب حکومت کا طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپردکرنا معمول کا انتظامی فیصلہ ہے:پریس کانفرنس
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ قیادت امن و امان اور خواتین و بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں صوبے بھر میں خواتین اور بچوں کو ریپ، گھریلو تشدد اور دیگر استحصال سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے انسدادِ دہشت گردی عدالتوں کی طرز پر خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا گیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب میں اینٹی ریپ ایکٹ لایا جا رہا ہے جسے خواتین کے تحفظ کے دیگر قوانین بشمول گھریلو تشدد کے خلاف خواتین کا تحفظ ایکٹ اور پنجاب ڈیسیٹیٹیوٹ اینڈ نیگلیکٹڈ چلڈرن ایکٹ کے ساتھ ملا کر ایک جامع قانون کی شکل دی جائے گی اور اسے پورے صوبے میں نافذ کیا جائے گا، ان مقدمات کی فوری سماعت کے لیے خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی تاکہ متاثرین کو جلد از جلد انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ملزمان کو بچ نکلنے کا موقع نہیں دیا جائے گا، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے چیف جسٹس سے بھی ملاقات کی جائے گی۔سماجی رابطوں کی  ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں   عظمی بخاری نے کہاہ پنجاب حکومت کا طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنا ایک معمول کا انتظامی فیصلہ ہے‘ پاک فضائیہ پہلے ہی وزیراعظم اور دیگر اعلی حکام کے زیر استعمال طیاروں کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی دیکھ کر مخالفین کے اعصاب پر مریم نواز سوار ہیں۔