مسلم لیگ ن کے ہر حلقے سے درجنوں امیدوار سامنے آ رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے عوام کا اعتماد اور حمایت کس طرف ہے
ضمنی انتخابات سے راہ فرار تحریک انصاف کی شکست کا اعتراف ہے‘بانی نے حقیقی آزادی کا نام مجھے معافی دے دورکھا ہوا ہے: وزیراطلاعات
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ضمنی انتخابات سے راہ فرار، بانی تحریک انصاف اور ان کی جماعت کی مسلسل شکست کا واضح ثبوت ہے۔ پنجاب میں ہونے والے حالیہ دو ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو عبرتناک اور بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہی وجہ ہے کہ اب انہیں ضمنی انتخابات کے لیے امیدوار ہی دستیاب نہیں ہو رہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا مسلم لیگ (ن) کے ہر حلقے سے درجنوں امیدوار سامنے آ رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کا اعتماد اور حمایت کس طرف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علیمہ خان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کی نفرت پر مبنی اور ریاست مخالف سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی کے کرن ارجن "حقیقی آزادی" کا خواب لیے امریکہ روانہ ہوئے تھے، لیکن وہاں سے بھی ناکامی کے بعد لندن واپس جا چکے ہیں۔ اب بانی پی ٹی آئی کی حقیقی آزادی صرف "مجھے معافی دے دو" کا نیا نام بن چکی ہے۔