عورتوں اور بچوں سے زیادتی پر موثر اور یقینی کارروائی کیلئے نیا اینٹی ریپ ایکٹ لانے کا حکم، جرائم کے مقدمات کا مقررہ مدت میں فیصلہ کرنا ضروری قرار
خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے مقدمات پر سزا یقینی بنانے کے لئے سپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ضروری ہے:وزیراعلی کی خصوصی اجلاس میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدات خصوصی اجلاس میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے فیصلہ کن قانونی اقدامات پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عورتوں اور بچوں سے زیادتی پر موثر اور یقینی کارروائی کیلئے نیا اینٹی ریپ ایکٹ لانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات کی فوری سماعت کیلئے سپیڈی کو رٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات کا مقررہ مدت میں فیصلہ کرنا ضروری قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کیخلاف جرائم میں سزا کی شرح پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے موثر انویسٹی گیشن کیلئے پولیس افسروں کی کیپسٹی بلڈنگ کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کوالٹی آف انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن میں بہتری کے لئے اے آئی کی معاونت پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر بچوں اور خواتین کے کیسز میں آڈیو وڈیو شہادتوں کی موثر ریکارڈنگ کافیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین بچوںسے زیادتی کا واقعات کے پیشگی سدباب کے لئے بھی اقدامات کا حکم دیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا کے لئے موثر قانون سازی کی جائے گی۔خواتین اور بچے معاشرے کا حساس طبقہ ہیں،حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے واقعات کے سدباب کے لئے سماجی اور معاشرتی شعور و آگاہی ضروری ہے۔ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے واقعات رپورٹ ناگزیرہے۔خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے مقدمات پر سزا یقینی بنانے کے لئے سپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ضروری ہے۔