پاکستان اور افغانستان کے مابین سرحدی بندش کے سبب اکتوبر میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
سالانہ بنیادوں پر، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں 54 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 36 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق، ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات میں 28 فیصد کمی ہوئی، جب کہ اکتوبر میں سالانہ بنیاد پر یہ کمی 55 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح، افغانستان سے درآمدات بھی ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں 42 فیصد کم ہوئیں اور سالانہ بنیاد پر 53 فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے۔
وزارت تجارت کے مطابق، اکتوبر 2025 میں پاک افغان دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 11.4 کروڑ ڈالرز رہا، جو کہ ستمبر 2025 کے مقابلے میں کم ہے، جس میں یہ حجم 17.7 کروڑ ڈالرز تھا۔ پچھلے سال اکتوبر 2024 میں یہ حجم 24.7 کروڑ ڈالرز تھا۔
مزید برآں، افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات اکتوبر 2025 میں 5.9 کروڑ ڈالرز رہیں، جب کہ ستمبر 2025 میں یہ 8.1 کروڑ ڈالرز اور اکتوبر 2024 میں 13 کروڑ ڈالرز تھیں۔ افغانستان سے درآمدات بھی اکتوبر 2025 میں 5.5 کروڑ ڈالرز رہیں، جو کہ ستمبر 2025 میں 9.6 کروڑ اور اکتوبر 2024 میں 11.7 کروڑ ڈالرز تھیں۔