دہشتگرد احسان اللّٰہ کا فتنہ الخوارج کے حوالے سے اہم بیان جاری

دہشتگرد احسان اللّٰہ کا فتنہ الخوارج کے حوالے سے اہم بیان جاری

دہشت گرد احسان اللّٰہ نے فتنہ الخوارج کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے، جس میں اس نے کہا ہے کہ یہ خوارج مذہب کے نام پر نوجوانوں کو ورغلا کر فوج کے خلاف اُکساتے ہیں۔

 اس نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کا نام احسان اللّٰہ ولد عبدالجنان ہے اور وہ قوم محسود سے تعلق رکھتا ہے۔احسان اللّٰہ نے انکشاف کیا کہ اس نے تین سال تک دہشت گرد کمانڈروں زبدری، مشتاق، گرنیڈ اور اسلام الدین کے لیے سہولت فراہم کی، اور تتور میں پولیس اسٹیشن اور بکتربند گاڑیوں پر حملوں سمیت کئی کارروائیاں انجام دی ہیں۔اس دہشت گرد کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج نوجوانوں کے ذہن سازی کرتے ہیں، انہیں فوج کے خلاف دہشت گردی میں استعمال کرتے ہیں، اور بعض خارجی کمانڈر ذاتی مفادات کے لیے نوجوانوں کو برائی کی طرف مائل کرتے ہیں۔

احسان اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ خوارجی کمانڈر ہمارے ساتھ بداخلاقی کرتے تھے، اور حقیقت میں یہ خوارج خود کافر اور مرتد ہیں۔ جب اس نے ان خوارج کو دیکھا تو سمجھا کہ پاکستانی فوج ہی اصل مسلمان ہے۔اس نے بتایا کہ اس نے پاک فوج کے جوانوں کو پانچ وقت نماز پڑھتے دیکھا اور خود بھی نماز اور کلمہ سیکھا، جو پہلے اس کے پاس نہیں تھے۔ نوجوانوں سے اپیل کی کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے پاک فوج کا ساتھ دیں۔آخر میں، احسان اللّٰہ کا کہنا تھا کہ ہم ان خوارج کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔