بنوں میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگرد ہلاک

بنوں میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دو دہشتگرد جنہم واصل ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں بھارتی اسپانسرڈ تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک دہشتگردوں میں خارجی رنگ لیڈر وحیداللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار شامل ہیں، جن کے قبضے سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔وحیداللہ مطلوب ترین دہشتگردوں میں شامل تھا اور متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث رہا ہے، جن میں سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت بھی شامل ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، وحیداللہ 21 فروری 2026 کو بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی ہینڈلر تھا، جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں عزمِ استحکام کے تحت جاری رہیں گی تاکہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔