پولیس نے مرکزی ملزم حق نوازگرفتار کرلیا، ہرپہلو سے تفتیش جاری
ساہیوال (خصوصی رپورٹ)زمین کاٹھیکہ لینے جانے والی بیوہ پٹرول چھڑک کر آگ لگائے جانے سے زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئی۔3روز قبل نواحی گا ئوں 70/4-Rکی رہائشی بیوہ جنت بی بی رات کے وقت حق نواز کے گھر زمین کا ٹھیکہ لینے گئی تو ملزموں کے ساتھ جھگڑا ہوگیا۔ عمردراز اور حسنہ بی بی نے بیوہ جنت بی بی کو نیچے گرادیا اور حق نواز نے پٹرول چھڑک کر آگ لگادی اور فرارہوگئے جسے ریسکیو 1122نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا جو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پولیس تھانہ نورشاہ نے متوفیہ کے بیٹے عمر فاروق کی رپورٹ پر ایک ملزم کوگرفتار کرکے تینوں ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ترجمان پولیس کے مطابق مقدمہ درج ہونے پر ڈی پی او ساہیوال عثمان ٹیپو نے معاملہ کی شفاف تفتیش وفوری انصاف کیلئے ایس ایچ او تھانہ نورشاہ انسپکٹر عرفان رسول کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم کو مقرر کیا ہے اور پولیس نے مرکزی ملزم حق نواز کو گرفتارکرلیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں جنت بی بی کا ملزم حق نواز سے روابط ہونا اور خود حق نواز کے گھرجاکر خود سوزی کرنا اور اس کو بچانے کیلئے ملزم حق نواز کا ہاتھ جلنا بھی سامنے آیا ہے تاہم پولیس ہرپہلو سے تفتیش کر رہی ہے۔