شکار پور،گھریلو ناچاقی پر دیوروں نے بھابھی کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

 شکارپور(آئی این پی ) شکارپور کے علاقے میاں صاحب کے گائو ں پہلوان چانڈیو میں ایک خاتون مبینہ طور پر آگ لگنے کے باعث شدید جھلس گئی۔ زخمی خاتون جنت نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے دیور رزاق چانڈیو اور احمد علی چانڈیو نے مبینہ طور پر اس پر پٹرول چھڑکا اور آگ لگا دی۔ خاتون کے مطابق واقعہ گھریلو ناچاقی کے باعث پیش آیا۔ واقعے کے بعد خاتون کو تشویشناک حالت میں سلطان کوٹ رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے سکھر ریفر کردیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی میاں صاحب پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس کے مطابق مبینہ ملزمان واقعے کے بعد فرار ہوگئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔ خاتون کے ورثا نے ایس ایس پی شکارپور سے واقعے کا فوری نوٹس لینے، مبینہ ملزمان کو گرفتار کرنے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ خاتون کے الزامات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے۔