سوتیلی ماں،بہن پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی

 شاہد ،راشد ، راشدہ نے ثریا اور آمنہ کو کمرے میں بند کر کے پٹرول پھینکا،،زخمی ماں بیٹی کو ٹیچنگ ہسپتال داخل کرا دیا گیا
ساہیوال(خصوصی رپورٹ)دیوار کے تنازع پر سوتیلی والدہ اور بہن کو پٹرول چھڑک کر آگ لگادی،دونوں کا جسم جھلس گیا،ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق نواحی گا ئوں 88/6-R میں ثریا بی بی کے سوتیلے بیٹے شاہد نے اپنے دوسرے بھائی راشد اور بہن راشدہ کے ہمراہ دیوار کے تنازع پر کمرے میں گھس کر چھڑی سے تشدد کیا۔ بعدازاں کمرے کی کنڈی لگا کر روشن دان سے کمرے میں 2بوتلیں پٹرول پھینک کر آگ لگادی جس کے نتیجہ میں ثریا اور اس کی بیٹی آمنہ جھلس گئیں۔ ریسکیو 15پر کال کرنے پر ملزم نے ثریا بی بی سے موبائل فون چھین لیا۔ دونوں کو ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال داخل کرادیا گیا۔ پولیس تھانہ فرید ٹائون نے ثریابی بی کے بھائی محمداسلم کی رپورٹ پر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔