لاہور (کرائم رپورٹر) ماڈل ٹاؤن ڈویژن پولیس نے رواں ماہ کے دوران منشیات فروشوں، ڈکیتوں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 220 ملزمان گرفتار کر لیے ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں 169 منشیات فروش جبکہ 51 ڈکیت اور سنیچر گینگز کے ارکان شامل ہیں۔ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں خفیہ اطلاعات، پٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کے دوران عمل میں لائی گئیں۔ منشیات فروشوں سے 52 کلو چرس، 14 کلو 700 گرام آئس اور 960 بوتلیں شراب برآمد کی گئیں۔گرفتار ڈکیت اور سنیچر گینگز کے ارکان سے 88 پستول، 318 گولیاں، 5 رائفلیں، 4 بندوقیں اور 95 لاکھ 35 ہزار روپے نقدی برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ ملزمان سے درجنوں چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور موبائل فون بھی تحویل میں لیے گئیایس پی شہربانو نقوی نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے جبکہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف بھی خصوصی ٹیمیں بنا کر مسلسل کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔