لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کی ہدایت پر کینٹ ڈویژن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کر لی۔ایس ایچ او ہڈیارہ حافظ شجاع اللہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 2 مشہور اور بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی کے دوران عامر اور رضوان نامی ملزمان کو منشیات کی سپلائی دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 کلو سے زائد ہیروئن برآمد کر لی ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ علاقہ غیر سے آن لائن منشیات منگوا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے۔ پولیس نے دونوں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او ہڈیارہ حافظ شجاع اللہ اور کارروائی میں شریک پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات جیسے معاشرتی ناسور کے خاتمے کے لیے لاہور پولیس بھرپور اقدامات کر رہی ہے، عوام بھی اس مہم میں پولیس کا ساتھ دیں۔