آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی ، نئے قائدِ ایوان کا آج انتخاب

پیپلزپارٹی کو37 ارکان اسمبلی کی حمایت ، پی پی کے 17، فارورڈ بلاک کے 11 اور مسلم لیگ ن کے 9 ارکان شامل ہیں
بلاول بھٹو کی نامزد وزیراعظم فیصل ممتار راٹھورکو عوامی رابطے بڑھانے کی ہدایت،، پی پی کو مزید ارکان کی حمایت بھی حاصل ہوسکتی ہے
مظفرآباد،اسلام آباد(آئی این پی ) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج (پیر کو) طلب کر لیا گیا۔ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس دوپہر 3 بجے ہوگا، جس میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔پیپلز پارٹی نے وزیراعظم انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا رکھی ہے اور وزارتِ عظمی کیلئے فیصل ممتاز راٹھور کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے، تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے 27 ارکان کی عددی اکثریت درکار ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کو اس وقت 37 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے، پیپلزپارٹی کے 17، فارورڈ بلاک کے 11 اور مسلم لیگ ن کے 9 ارکان تحریک عدم اعتماد کی حمایت کر رہے ہیں، جموں و کشمیر پیپلزپارٹی اور مسلم کانفرنس کی اسمبلی میں ایک، ایک نشست موجود ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 5 ہے۔دوسری جانب سابق وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید بھی کابینہ سے مستعفی ہو چکے ہیں، جس کے بعد وزیراعظم انوارالحق کی حکومت میں شامل ارکان کی تعداد 8 رہ گئی ہے، پیپلز پارٹی کو مزید ارکان کی حمایت بھی حاصل ہوسکتی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو عوامی رابطے بڑھانے کی ہدایت کی ہے ۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات زرداری ہائوس میں ہوئی، بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے موقع پر موجود تھیں۔دوروان ملاقات چیئرمین پی پی نے نامزد وزیراعظم آزاد کشمیر سے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مسائل کو حل کرنا آپ کی ذمہ داری ہے، آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مسائل ذمہ داری اور خوش اسلوبی کے ساتھ حل کریں، عوامی سطح پر رابطوں کو مزید بڑھائیں تاکہ آزاد جموں و کشمیر کے حقیقی مسائل سے مسلسل آگاہی حاصل رہے۔دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز
 راٹھور نے اپنی نامزدگی پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے اظہار تشکر کیا۔