آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کے قافلے پر فائرنگ

لطیف اکبر سیاسی میٹنگ کیلئے کھاوڑہ جارہے تھے ،فائرنگ سے2افراد زخمی 
حالات کشیدہ ،پولیس اور مسلم کانفرنس کارکنوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چودھری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے تاہم چودھری لطیف خود محفوظ رہے۔بتایاگیاہے کہ چودھری لطیف اکبر اپنے حلقہ انتخاب دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقہ کھاوڑہ میں ایک سیاسی میٹنگ میں جا رہے تھے کہ راستے میں ان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی جس سے دو افراد زخمی ہوئے۔چودھری لطیف اکبر نے بتایا کہ میرے قافلے پر فائرنگ کی گئی ہے، شمولیتی پروگرام میں شرکت کے لئے جا رہے تھے جہاں فائرنگ کی گئی۔ان کاکہناتھاکہ تین روز قبل مخالفین سوشل میڈیا پر دھمکیاں دے رہے تھے جن سے انتظامیہ اور پولیس کو آگاہ کر دیا تھا لیکن کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے،فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔قافلے پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے اورکئی جگہوں پرپولیس اور مسلم کانفرنسی کارکنوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔اے سی رورل حماد بشیر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ حالات کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، چند لوگ ہیں جنہوں نے پہلے سپیکر اسمبلی کے قافلے پر فائرنگ کی اور پتھراؤ کیا۔ پیپلز پارٹی کا ایک کارکن گولی لگنے اور ایک پتھر لگنے سے زخمی ہوا ہے، فائرنگ کرنے والے افراد کی گرفتاری کیلئے متحرک ہیں۔