آزاد کشمیر اسمبلی: 8مخصوص نشستوں پر انتخاب، کاغذات نامزدگی آج جمع ہوں گے

 امیدوار23اگست کو دستبردار ہو سکیں گے، جس کے بعد انکی حتمی فہرست جاری کی جائے گی 
مظفرآباد(آئی این پی )آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8مخصوص نشستوں پر انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی آج 20اگست کو جمع ہوں گے۔جاری شیڈول کے مطابق امیدوار آج (جمعرات ) صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے جبکہ آج ہی کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 21 اگست کو دائر کی جائیں گی، جن کی سماعت اور فیصلے 22 اگست کو ہوں گے۔شیڈول کے مطابق امیدوار 23 اگست کو دستبردار ہو سکیں گے، جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔آزادکشمیر اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو ہوگی۔ پولنگ کا عمل صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک اسمبلی ہال، بلاک 12 سول سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ہوگا، 8 مخصوص نشستوں میں 5 نشستیں خواتین، ایک علما و مشائخ، ایک بیرونِ ملک مقیم ریاستی باشندوں جبکہ ایک نشست ٹیکنوکریٹس اور پروفیشنلز کے لیے مختص ہے۔